رسم الخط ۔۔۔۔ لکیروں کا کھیل!!! ۔۔۔۔۔ اور دنیا کا سب سے خوبصورت رسم الخط
لکھارو:مولانا عبدالخالق ہمدرد آزاد کشیر
مجھے دنیا میں بہت سی چیزوں پر حیرت ہوتی ہے لیکن میرا خیال ہے کہ رسم الخط ان چیزوں میں سر فہرست ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک آدمی کچھ لکیریں، دائرے یا ملی جلی شکلیں بناتا ہے اور دوسرا ان لکیروں کو سمجھتا ہے اور جب ان کو پڑھتا ہے تو ان کے اندر سے الفاظ بر آمد ہوتے ہیں۔
دوسری بات یہ ہے کہ رسم الخط لکیروں کے کھیل کے سوا کچھ نہیں۔ لوگوں نے مختلف اصوات کے لئے شکلیں مقرر کیں اور اس طرح رسم الخط وجود میں آ گیا۔ دنیا کے مختلف خطوں میں رہنے والوں نے مختلف شکلیں اپنائیں اس لئے رسم الخط مختلف ہو گئے۔
دنیا میں رائج عمومی رسم الخطوط میں ہر زبان کی آوازوں کے لئے حروف پائے جاتے ہیں جن کو کو توڑ جوڑ کر نئے الفاظ بنائے جاتے ہیں مگر چینیوں اور ان کے پڑوسیوں نے حروف کی بجائے اصوات کی شکلیں بنا ڈالیں اور وہ بھی بڑی مشکل۔ اس لئے چینی زبان میں آپ کوئی نیا لفظ نہیں بنا سکتے اور حد تو یہ ہے کہ اپنا نام بھی درست نہیں لکھ سکتے۔